مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں واقع طالبان کمانڈر جلال الدین حقانی کے گھر اور مدرسے پر امریکہ کے سات میزائل حملوں میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق پیر کو گیارہ بجے کے قریب شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے قریباً چار کلومیٹر دور مغرب کی جانب ڈانڈے درپہ خیل میں ایک مکان پر سات میزائل گرے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ میزائل حملہ امریکی جاسوس طیاروں نے کیا ہے جو حملے کے دوران فضاء میں گشت کر رہے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق میزائل حملے میں جلال الدین حقانی کے مکان اور ان کے مدرسے کے علاوہ قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے تین لاشوں کو نکالا گیا ہے۔ جنہیں مقامی طالبان نے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ کسی بھی فرد کو مدرسے کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ میزائل حملے کے بعد بیس زخمیوں کو میرانشاہ کے ایک پرائیوٹ ہسپتال میں لے جایا گیا ہے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں لیکن زیادہ تر کا تعلق مقامی طالبان سے بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اورگزشتہ چند ہفتوں میں ایسے حملوں میں ساٹھ سے زیادہ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں ۔
آپ کا تبصرہ